بھارتی ریٹائرڈ جنرل کی مودی حکومت اوراپنے میڈیا پر کڑی تنقید، پاکستان کی تعریف

نئی دہلی: بھارتی ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور نے پاک-بھارت جنگ کے دوران اپنے میڈیا اور حکومتی اقدامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران بھارت ایک حملہ آور ریاست کی طرح دکھائی دیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یش مور نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہاکہ انٹرنیشنل میڈیا نے ہمارے میڈیا کو جھوٹا میڈیا قرار دیا، میڈیا کے شور شرابے نے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پاک-بھارت جنگ کے دوران ہمارا بیانیہ مکمل طور پر ناکام رہا، اس دوران پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پروموشن ہوا اور انہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دعوت دی۔ پاکستان آرمی اور اس کی قیادت کو دنیا بھر میں نمایاں مقام ملا، لیکن ہماری بات دنیا نے نہیں سنی۔میجر جنرل یش مور نے کہا کہ جنگ کے دوران ہمارے میڈیا کا کردار انتہائی منفی تھا۔میڈیا کہتا رہا کہ آگ لگا دو، ان کا پانی بند کر دو۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کی باتوں سے مسائل حل نہیں ہو نگے بلکہ مزید بڑھیں گے۔انٹرنیشنل میڈیا نے کہا کہ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر کوئی اعتماد نہیں کر رہا، یہ لوگ کھلم کھلا جھوٹ بولتے رہے، کہا گیا کہ اسلام آباد پہنچ گئے، کراچی کو آگ لگا دو۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اس بات کو ماننا ہوگا کہ ہمارے مقامی میڈیا نے بھارت کی ساکھ کو بین الاقوامی سطح پر نقصان پہنچایا، نام نہاد سلیبرٹیز اور یوٹیوبرز نے جو زبان استعمال کی وہ انتہائی حقیر تھی۔ مقامی میڈیا پر جنگی جنون سوار تھا، اس دوران میڈیا پرمسلم مخالف پروگرام بھی نشر ہوتے رہے۔یش مور نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارے وزیر خارجہ جے شنکر بھی اسی زبان کا استعمال کر رہے تھے، وزیراعظم نریندر مودی بھی ایسے ہی بول رہا ہے ، ٹی وی والے اور زور زور سے بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان چیزوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں دایاں بازوزور پکڑ رہا ہے، ہر کوئی دوسرے کو غلط ثابت کرنے میں لگا ہوا ہے، اس سے ہمیں نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کہااگر یہ ہماری خارجہ پالیسی کا حصہ بن چکا ہے تو بہت خطرناک ہے۔ انہوں نے کہااگر ہم پڑوس میں دوست کھو دیں گے تو امریکہ کی گود میں بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں، ان کا کوئی بھروسہ نہیں ہے۔





