بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت پرجشن منانے والوں کو جیل بھیج دیا جائے گا: بی جے پی
جموں 26 اکتوبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی کے سربراہ رویندر رینا نے کہاہے کہ ٹی ٹونٹی عالمی کپ کے میچ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت پرجشن منانے والوں کوجیل بھیج دیا جائے گا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق رویندر رینا نے جموں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی جیت پر خوشی منانے کوملک کے خلاف سازش قراردیتے ہوئے کہاکہ پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی طالبانی نظریہ رکھتی ہے۔ محبوبہ مفتی نے بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت کو اچھے جذبے کے طورپر لینے پر زوردیاتھا۔رویندررینا نے کہاکہ کچھ رہنماﺅں کو سیکورٹی کی ضرورت ہے اور انہیں ہماری فورسز 24 گھنٹے سکیورٹی فراہم کرتی ہیں لیکن ان کا دل پاکستان کے لیے دھڑکتا ہے۔ محبوبہ مفتی طالبانی نظریے کی حامل ہیں اور وہ ایک دشمن ملک کی حمایت کرنے پر عوام کے سامنے جوابدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جیت کا جشن منا کر ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کو بخشا نہیں جا سکتا۔جو بھی ہمارے مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے لیے خطرہ بنے گا، اسے کچل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر اور دیگر جگہوں پر پاکستان کی جیت کا جشن منانے اور ایک سازش کے تحت ہنگامہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہیں۔ پولیس، سی آئی ڈی اور این آئی اے ان کے خلاف کارروائی کر رہی ہے اور ان سب کو جیل میں ڈال دیا جائے گا۔رویندر رینا نے کہاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت کا جشن منانے پر ضلع سانبہ میں چھ افراد کو گرفتارکیا گیا جب کہ متعدد ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔