تحریک حریت کے وفد کی میر واعظ عمر فاروق سے ملاقات،موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال
سرینگر0: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے ایک وفد نے آج سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمرفاروق سے ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقات کے دوران تحریک آزادی کشمیر کے صف اول کے قائدین کی مسلسل نظربندی اور پکڑ دھکڑ کے باوجود جدوجہد آزادی کوہرسطح پر جاری رکھنے ، کارکنوںسے مسلسل رابطہ رکھنے اور ان کی خوشی و غمی میں شریک ہونے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وفد نے میرواعظ عمر فاروق کو بتایا کہ علمائے کرام ، مساجد کے امام صاحبان اور خطیبوںکے ذریعے متعلقہ طبقات کو متوجہ کرنے کی ضرورت ہے جس میں وہ میر واعظ کشمیراور علما ء فورم کے قائد ہونے کے ناطے اہم کردار اداکرسکتے ہیں تاکہ جمود کی موجودہ صوتحال کو ختم کیا جاسکے۔وفد نے بتایا کہ ائمہ اور خطیب حضرات کا شہداء کے گھروں میں جانا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔وفد نے بتایا کہ تحریک آزادی کوایک بارپھر ٹھوس بنیادوں پر منظم کرنا شہداء سے کئے گئے وعدے کا تقاضا ہے۔میر واعظ عمرفاروق نے وفد کی باتوں کو غورسے سنا اوران سے تفاق کیا۔