لداخ :سول سوسائٹی ارکان کیخلاف بھارتی پولیس کی کارروائیاں
”ایل اے بی، کے ڈی اے” نے مذاکرات کے بائیکاٹ کا انتباہ دیدیا

سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے خطے لداخ میں قائم ” لیہہ ایپکس باڈی (ایل اے بی) اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) “نے کہا ہے کہ بھارتی پولیس سول سوسائٹی ارکان کو ہراساں کررہی ہے اور ڈرا دھمکا رہی ہے ۔ کے ڈی اے اور ایل اے بی نے خبر دار کیا کہ اگر پولیس نے ہراساں کرنے کا کام بند نہ کیا تو بھارتی حکومت کے ساتھ مذاکرتی عمل کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لداخ سے تعلق رکھنے والے دونوں بڑے گروپوں نے بھارتی سیکرٹری داخلہ کو ایک مشترکہ خط میں کہا کہ سول سوسائٹی کے ارکان کو پولیس کیطرف سے پوچھ گچھ، ہراساں کیے جانے اور دھمکیوں کا سامناہے۔ انہوںنے لکھا کہ عدالت سے پہلے ہی ضمانت پر رہا ہونے والے افراد کو بھی ہراساں اور تھانوں میں طلب کیا جا رہا ہے۔ ۔
انہوںنے لکھا کہ پولیس کی مسلسل ہراسانی نوجوانوں اور سول سوسائٹی میں خوف اور عدم تحفظ کی فضا پیدا کر رہی ہے۔ خط میں بھارتی وزارت داخلہ پر زور دیا گیا کہ وہ پولیس کو فوری طور پر اس طرح کی بہیمانہ کارروائی کو روکنے کی ہدایت کرے۔ ایل اے بی اور کے ڈی اے نے کہا اگر پولیس نے اپنی روش نہ بدلی تو مسائل کے حل کے حوالے سے بھارت کے ساتھ جاری بات چیت کے عمل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ خط کی کاپیاں لداخ کے چیف سیکرٹری، انٹیلی جنس بیورو کے اسپیشل ڈائریکٹر اور لداخ کے ڈی جی پی کو بھی بھیجی گئیں۔KMS-06/M








