جموں :این آئی اے نے غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری کی جائیدا د ضبط کر لی
جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میںبھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے آج ضلع پونچھ میں غیر قانونی طور پر نظر بند ایک کشمیری کی جائیدادضبط کر لی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق این آئی اے نے جموں میں اپنی خصوصی عدالت کے حکم پر ضلع کے علاقے بالاکوٹ کے گائوں دھروتی کے رہائشی محمد یاسین کی جائیداد کو جاری تحریک آزادی سے وابستگی پر ضبط کر لیا۔ این آئی اے نے یاسین کی جائیداد کی ضبطی کاجواز پیش کرنے کیلئے اسے ایک مجاہد تنظیم کا کارکن قرار دیا ہے۔محمد یاسین کو 27دسمبر 2020کو ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اسے 24 جون 2021کو اس کے خلاف فردجرم عائد کی گئی اور اسے تعزیرات ہند کی متعدد دفعات اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت نظربند کیاگیا ہے ۔
واضح رہے کہ مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کشمیری حریت رہنمائوں، کارکنوں اور تنظیموں کو تحریک آزادی میں ان کے کردار پر سزا دینے کے لیے ان کی جائیدادوں، گھروں، دکانوں اور دفاتر کو ضبط کر رہی ہے۔