مظفر آبادمیں شاندار اوورسیز کشمیریز کنونشن کا انعقاد
مظفر آباد:
آزاد جموں وکشمیرحکومت کے زیر اہتمام مظفر آبادمیں شاندار اوورسیز کشمیریز کنونشن منعقد کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کنونشن میں دنیا بھر سے اوورسیز کشمیریز نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتازراٹھور کی جانب سے اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کے حل اور انہیں آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے اس اقدام کو تاریخ ساز قرار دیا۔تقریب میں وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھورکے علاوہ وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام،اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر، چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن سید قمر رضا، حریت رہنما غلام محمد صفی اوروزرا ،چیف سیکرٹری خوشحال خان اوردیگرنے بھی شرکت کی ۔کنونشن کے دوران پینل گروپ ڈسکشن اور پالیسی ڈائیلاگ میں آزاد کشمیر کی ترقی، سرمایہ کاری کے مواقع اور اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کے حل بارے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ کنونشن میں ا وورسیز کشمیریوں کی سہولت کے لیے حکومت آزاد کشمیرکی جانب سے خصوصی علیحدہ عدالت کے قیام اور شکایات کے فوری حل کے لیے وزیراعظم آزادکشمیر ویب پورٹل کا آغاز اورسرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ون ونڈو آپریشن کا قیام جیسے اہم اقدامات کا اجرا بھی کیاگیا۔ فیصل ممتاز راٹھور نے شکایات کے ازالے کیلئے ویب پورٹل کا افتتاح کیا۔پینل ڈسکشن کے بعد سفارشات کی روشنی میں ایک جامع پالیسی مرتب کی جائے گی۔ کنونشن میں آئی ٹی، ہائیڈل پاور، سیاحت اور منرل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے متعدد تجاویز بھی پیش کی گئیں۔






