کشمیریوں کو بدترین بھارتی جبر کا سامنا ہے: کل جماعتی حریت کانفرنس

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے مسلسل بھارتی جبر کے باعث کشمیری عوام کا دم گھٹ رہا ہے کیونکہ بی جے پی حکومت علاقے میں ریاستی دہشت گردی اور کالے قوانین کے ذریعے سیاسی اختلاف کو دبا رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ 78 سال کے دوران بدترین قسم کی بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہی ہے اور وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی حکومت جان بوجھ کر کشمیری قیدیوں کی نظر بندی کو طول دے رہی ہے اور انہیں ان کے سیاسی نظریے کی وجہ سے نشانہ بنارہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہندوتوا حکومت نے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ علاقے میں ہزاروں شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔ بھارت او رمقبوضہ جموں وکشمیرکی جیلوں میں بند قیدیوں میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، ایڈووکیٹ شاہد الاسلام، فاروق احمدڈار ،مولوی بشیر احمد، مشتاق الاسلام، بلال صدیقی، ڈاکٹر حمیدفیاض، ایڈووکیٹ میاں عبدالقیوم اور ظفر اکبر بٹ شامل ہیں۔بیان میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ کشمیری قیدیوں کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور انہیں بھارتی جیلوں میں مناسب خوراک اورطبی سہولیات سے محروم رکھاجارہا ہے جس کے باعث ان کے اہل خانہ ان کی سلامتی کے حوالے سے شدید فکر مند ہیں۔حریت ترجمان نے کہا کہ ظلم کی انتہا یہ ہے کہ بہت سے قیدیوں کے لواحقین کو ان سے ملنے کی اجازت تک نہیں دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر آنکھیں بند کر رہی ہے اور عدالتی احکامات کے باوجود مختلف بہانوں سے ان کی رہائی میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ بھارت نہ صرف غیر قانونی نظربندی کو طول دے کر قیدیوں کے حقوق سے متعلق جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہمقبوضہ جموں وکشمیرمیں مزید گرفتاریاں بھی کر رہا ہے اور معصوم شہریوں کا ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے تاکہ ان پر دباو¿ ڈالا جا سکے اور ان کے جذبہ آزادی کو توڑا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان جابرانہ ہتھکنڈوں سے مقبوضہ علاقے کے عوام حق خودارادیت کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہونگے۔ترجمان نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر قانونی نظربندیوں کا نوٹس لیں اوربے گناہ کشمیریوں کی رہائی کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔






