APHC-AJK

مقبوضہ جموں وکشمیر میں چھاپہ مارکارروائیوں کے دوران سینکڑوں کشمیریوں کی گرفتاری کی مذمت

اسلام آباد:مقبوضہ جموں وکشمیر میں چھاپہ مارکارروائیوں کے دوران سینکڑوں کشمیریوں کی گرفتاری کی مذمت
اسلام آباد10نومبر(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر بلاجواز چھاپوں اورمحاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران چھ سوسے زائد کشمیریوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز شاہ نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسزبے گناہ کشمیریوں کو نشانہ بناکر تحریک آزادی کشمیر کو طاقت کے بل پر دبانے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں اور چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کررہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے آزادی پسند قیادت کو طویل عرصے سے بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی جیلوں میں نظر بند کررکھا ہے اس کے باوجود وہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو ختم کرنے میں ناکام رہا۔انہوں نے بھارتی جیلوں میں نظربند حریت رہنمائوں کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ جیل انتظامیہ کشمیری حریت پسند قیدیوں کو طبی اور دیگر سہولیات فراہم نہیں کررہی ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جیلوں میں نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ اورمحمدیاسین ملک جیسے رہنما مختلف عارضوں میں مبتلا ہوچکے ہیں جنہیں علاج معالجے کی سہولت فراہم نہیں کی جارہی ہے جو انسانی حقوق کی تنظیموں کیلئے سوالیہ نشان ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوچکا ہے جہاں دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجی تعینات ہیں۔ انہوںنے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا ،جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنما سید فیض نقشبندی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیرمیں جاری بھارتی ظلم و بربریت، بڑے پیمانے پرگرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے دس لاکھ سے زائد قابض فوجیوں کو تعینات کر کے مقبوضہ کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کردیاہے اور مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں، گھروں پر چھاپے،جبری نظربندیاں اوردیگرپابندیاں روز کا معمول بن گیاہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی قابض انتظامیہ فوجی کیمپوں کیلئے قدرتی وسائل اور اراضی پر زبردستی قبضے کر رہی ہے جس سے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہیں ۔فیض نقشبندی نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل ، یورپی یونین کے ممبران اور او آئی سی کے ممالک سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی ظلم و تشدد سے نجات دلانے اور تنازعہ کشمیر کے حتمی حل کیلئے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button