APHC-AJK

حریت کانفرنس اور جماعت اسلامی کا تحریک آزادی کشمیر کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ اور جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر مشتاق احمد خان نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر کا دورہ کیااور کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں حریت قیادت سے ملاقات کی۔ملاقات میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال، بھارتی ریاستی ظلم و جبر، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور تحریک آزادی کشمیر کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔حریت قیادت نے جماعت اسلامی کی جانب سے کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کو سراہتے ہوئے تحریک آزادی کو اجاگر کرنے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔اس موقع پر ڈاکٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی جدوجہد آزادی میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ ہے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے سیاسی و سفارتی کوششیں جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کشمیر کے معاملے پر قومی سیاسی و مذہبی قوتوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔حریت غلام محمد صفی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہر دور میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور کشمیر کاز کو سیاسی، عوامی اور سفارتی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریکِ آزادی کشمیر کو مزید موثر بنانے کے لیے تمام سیاسی و مذہبی قوتوں کو متحد ہو کر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی، جبکہ حریت کانفرنس جماعت اسلامی سمیت تمام ہم خیال قوتوں کے ساتھ رابطے اور تعاون کو مزید فروغ دے گی۔انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہد کو اجاگر کرتے ہوئے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ، سے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ملاقات میں فریقین نے کشمیر کاز کے لیے باہمی رابطے، مشاورت اور تعاون مزید مضبوط بنانے اور تحریکِ آزادی کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے اختتام پر تحریکِ آزادی کشمیر کی کامیابی، شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

حریت رہنمائوں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، سید یوسف نسیم اور جہانگیر احمد خان نے کہا کہ کشمیر ایک دیرینہ قومی، سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے، جس کے منصفانہ حل کے لیے مشترکہ اور متفقہ حکمتِ عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ملاقات میں سید فیض نقشبندی، شیخ محمد یعقوب، انجینئر محمود، نثار مرزا، سید اعجاز رحمانی، زاہد صفی، حاجی سلطان بٹ، راجہ خادم حسین،سید مشتاق، مشتاق احمد بٹ، عدیل مشتاق وانی، نذیر احمد کرنائی، دائود یوسف زئی، عبدالمجید، میاں مظفر، گلشن احمد، شیخ عبدالماجد، منظور احمد ڈار، محمد شفیع ڈار ، عبدالمجید میر، جمیل احمد راٹھور، قاضی شاہد حمید ایڈووکیٹ اور امتیاز وانی بھی موجود تھے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button