بھارت :جھارکھنڈ میں ہندو انتہاپسندوں کی طر ف سے قرآن پاک کی بے حرمتی
رانچی: بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں ہندو انتہاپسندوں نے ایک مسجد کے قریب میدان میں قرآن پاک کے اوراق کی بے حرمتی کرکے ان کو نذر آتش کردیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ واقعہ ضلع جمتارہ میں اس وقت پیش آیا جب آر ایس ایس، بی جے پی، وی ایچ پی اور بجرگ دل سے وابستہ ہندو انتہاپسندوں نے فتح پور بازار مسجد کے قریب ایک میدان میں قرآن پاک کے اوراق کو نذرآتش کردیا۔ مقامی صحافیوں نے بتایاکہ یہ آئندہ ریاستی انتخابات سے قبل مذہبی کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش ہے۔ اس واقعے کی خبرجنگل میں آگ کی طرح پورے علاقے میں پھیل گئی۔ مسلمانوں نے واقعے کی شدید مذمت کی اور احتجاج کیا۔فتح پور بازار کی مسجد کے مولانا ذوالفقار نظامی نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ سماج دشمن عناصر کی جانب سے خطے میں سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش ہے۔ انہوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مسلمانوں پر زوردیا کہ وہ اتحاد واتفاق برقراررکھیں۔