امت شاہ کی نگرانی میں نئی دہلی جرائم کی راجدھانی بن چکی ہے : کانگریس صدر
نئی دہلی: بھارت میں کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہاہے کہ امیت شاہ کی نگرانی میں نئی دہلی جرائم کی راجدھانی بن چکی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملکارجن کھڑگے نے منی پور سے تعلق رکھنے والے ایک ریٹائرڈ میوزک ٹیچر کے نئی دہلی میں پیٹ پیٹ کر قتل کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہاکہ منی پور کے معروف موسیقار چونگتھم وکرم سنگھ کو ایک ہجوم کے ہاتھوں بے رحمی سے پیٹ پیٹ کر قتل کیا جانا بی جے پی کے دور میں مکمل لاقانونیت کی ایک اور خوفناک یاد دہانی ہے۔ انہوں نے کہاکہ طلبا محفوظ نہیں ہیں، خواتین کو ہر روز مظالم کا سامنا ہے، شمال مشرقی بھارت کے لوگوں کو امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دلت، آدیواسی اور اقلیتیں انتہائی غیر محفوظ اور خطرات سے دوچار ہیں۔ این سی آر بی کے اعداد و شمار کے مطابق نئی دہلی میں جرائم کی سطح ہرسال بڑھتی جا رہی ہے۔ کانگریس صدرنے کہاکہ مودی حکومت کی نااہلی نے منی پور کے لوگوں کو اپنی ریاست کے اندر اور اس کے باہر مصائب برداشت کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ 55 سالہ وکرم سنگھ کو کچھ غنڈوں نے دہلی میں ان کے گھر کے دروازے پر قتل کردیاتھا۔ گھر کے اندر ان کی بیوی اور بیٹا موجود تھے، لیکن وہ جب تک کچھ کر پاتے، بہت دیر ہو چکی تھی۔ اس خوفناک واقعہ کے کچھ سی سی ٹی وی فوٹیج دہلی پولیس کے ہاتھ لگی ہیں، جن سے یہ پتہ چلتا ہے کہ ملزموں نے وکرم سنگھ کو کس بربریت کے ساتھ مارا تھا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مار پیٹ کے بعد ملزمان سیڑھیوں سے اتر کر فرار ہو گئے۔ اس کے 10 منٹ بعد بری طرح زخمی وکرم سنگھ کو ان کا بیٹا اسپتال لے جاتے ہوئے نظر آیا۔ اگلی صبح علاج کے دوران وکرم سنگھ کی موت ہو گئی۔







