مقبوضہ جموں و کشمیر
سرکاری ملازمین کو بھارت کے یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریب میں شرکت کی ہدایت
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے ایک حکم نامے کے ذریعے سرکاری ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ 26جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریب میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔
بھارتی یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں میں ہونے والی ہے۔ جموں میں تمام نیم سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ سرکاری افسران اور اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی کے حصے کے طور پر تقریب میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔ مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان اور نیم سرکاری اداروںکے چیف ایگزیکٹوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تقریب میں اپنی اور اپنے ماتحت ملازمین کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔