امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی پاکستان کے ثالثی کردار کی تعریف، شہباز شریف اور عاصم منیر کو خراج تحسین
واشنگٹن:امریکی نائب صدرجے دی وینس نے اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات میں ثالثی کے کردار پر پاکستان کی اعلی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے اسے ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان بات چیت کو آگے بڑھانے میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم کو ناقابل یقین میزبان اور سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنمائوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان رابطے میں سہولت فراہم کی۔انہوں نے کہاکہ امریکہ اور ایران جیسے ممالک کے درمیان طویل عرصے بعد اعلیٰ سطح پر سنجیدہ مذاکرات ممکن بنانا ایک بڑی پیش رفت ہے، جس میں پاکستان نے بطور ثالث اہم کردار ادا کیا۔تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کی سفارتی کوششوں کے لیے ایک اہم کامیابی سمجھی جا رہی ہے، جس سے عالمی سطح پر اس کے کردار کو مزید تقویت ملی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان طویل عرصے سے خطے میں متحارب فریقوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتا آیا ہے اور اس نے واشنگٹن اور تہران دونوں کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو موثر طریقے سے استعمال کیا ہے۔ امریکی نائب صدر کے حالیہ ریمارکس علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں کے حوالے سے ایک سینئر امریکی عہدیدار کی جانب سے غیر معمولی اور اہم اعتراف کی عکاسی کرتے ہیں۔ان کے مطابق اسلام آباد میں مذاکرات کی کامیاب میزبانی کو پاکستان کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے عالمی سطح پر اس کے سفارتی قد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔








