متحدہ مجلس علما ء کی علمائے کرام کے خلاف توہین آمیز بیان کی شدید مذمت
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں متحدہ مجلس علما ء نے بلال رضا نامی شخص کی جانب سے علمائے کرام بالخصوص محدث کبیر علامہ انور شاہ کشمیری کے بارے میں توہین آمیز بیان کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق متحدہ مجلس علماء نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مجلس علما ء پہلے بھی ایسے افراد کو متنبہ کرچکی ہے کہ وہ علمائے کرام اور اسلاف و اکابرین کے تئیں گستاخیوں سے باز رہیں کیونکہ اس طرح کی حرکات کسی بھی طور نہ ملت کشمیر کے مجموعی مفاد میں ہے اور نہ دین اسلام میں اسکی اجازت ہے ۔متحدہ مجلس علماء نے اپنے اصولی موقف کو ایک بار پھر دہراتے ہوئے یہ بات واضح کی ہے کہ ملت کے تمام مسالک اور مذاہب کے درمیان اتحاد و ہم آہنگی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور ہم کسی بھی فرد یا جماعت کو چاہے اس کا تعلق کسی بھی مسلک یافرقے سے ہو نہ علمائے کرام کے تئیں گستاخیوں کی اجازت دیں گے اور نہ ملت کے اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی کسی کوشش کو کامیاب ہونے دیں گے۔مجلس علماء نے فورم کے ساتھ وابستہ تمام علمائے کرام ،اکابرین اور دینی جماعتوں کے قائدین پر زوردیا کہ وہ ایسے ملت دشمن اور اتحاد دشمن افراد پر کڑ ی نظر رکھیں کیونکہ ہم من حیث القوم آج جن پر آشوب حالات سے گزر رہے ہیں ان کا تقاضا ہے کہ ملی اتحاد اور یگانگت کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے اور اتحاد دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا جائے۔