ڈیجیٹل حقوق کی تنظیموں کے خلاف جعلی ٹیک ڈائون درخواستیں، دہلی پولیس کی نقالی کا انکشاف
بھارت میں آن لائن سنسرشپ اور آزادی اظہار پر قدغنوں کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے
نئی دہلی:بھارت میں ڈیجیٹل حقوق کی دو تنظیموں کے خلاف آن لائن مواد ہٹانے کے لیے دہلی پولیس کے نام سے جعلی درخواستیں بھیجنے کا انکشاف ہوا ہے، جس سے آزادی اظہار اور ڈیجیٹل سنسرشپ کے بارے میں سنگین خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انٹرنیٹ فریڈم فائونڈیشن اور سافٹ ویئر فریڈم لاء سینٹر انڈیاکو اپنے آن لائن مواد کے خلاف مبینہ قانونی نوٹسز اور ٹیک ڈائون درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اس واقعے نے بھارت میں آزادی اظہار اور ڈیجیٹل سنسرشپ کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا کر دیے ہیں۔29اکتوبر 2026 کو دونوں تنظیموں اور جیو بلاکڈ انڈیا کو ایک وکیل کی جانب سے قانونی نوٹس بھیجا گیاہے۔ مذکورہ وکیل نے خود کو ہندوتواراشٹریہ سویم سیوک سنگھ کا نمائندہ ظاہر کیا تھا۔نوٹس میں ان سوشل میڈیا پوسٹس پر اعتراض اٹھایا گیا تھا جن میں حکومتی ہدایات کے تحت آن لائن مواد بلاک کرنے اور سنسرشپ کا ریکارڈ مرتب کیا گیا تھا۔یکم نومبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے سافٹ ویئر فریڈم لاء سینٹر انڈیاکو پولیس کی ایک مبینہ درخواست سے آگاہ کیاتھا،جس میں تنظیم کے آن لائن مواد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔3نومبر کو مزید ٹیک ڈائون درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں 42 یو آر ایل شامل تھے۔ ان میں تنظیموں کے سوشل میڈیا اکائونٹس اور انفرادی پوسٹس بھی نشانہ بنائی گئی تھیں۔
ان درخواستوں میں بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعہ 356، انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 79(3)(b)اور آئی ٹی رولز 2021 کی دفعہ3(1)(d)کا حوالہ دیا گیا تھا۔تنظیم نے ان درخواستوں کی صداقت پر سوالات اٹھائے ہیں اور ایکس کے تصدیقی نظام میں موجود خامیوں کی بھی نشاندہی کی۔5نومبر کو انٹرنیٹ فریڈم فائونڈیشن اور ایس ایف ایل سی انڈیا نے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔6نومبر کو ایکس نے عدالت کو بتایا کہ اس کی تحقیقات میں درخواستیں جعلی ثابت ہوئی ہیں۔ ان درخواستوں میں دہلی پولیس کی نقل کی گئی تھی۔ایکس نے ہائی کورٹ کو مزید بتایا کہ پولیس کی نقل کے خلاف پولیس کے پاس شکایت درج کرا ئی گئی ہے۔ہائی کورٹ نے ایکس کے بیان کی روشنی میں درخواستیں نمٹا دیں۔ اس واقعے نے بھارت میں ڈیجیٹل حقوق کے تحفظ اور حکومتی سنسرشپ کے خلاف کام کرنے والی تنظیموں کی سلامتی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ناقدین کے مطابق آن لائن سنسرشپ اور حکومتی پابندیوں کا ریکارڈ مرتب کرنے والی تنظیموں کو قانونی کارروائیوں کے ذریعے دبائو میں لانے کی کوششیں آزادانہ اظہارِ رائے کے لیے خطرہ ہیں۔یہ واقعہ سرکاری اداروں کی شناخت کے مبینہ غلط استعمال اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے تصدیقی نظام کی جوابدہی سے متعلق بھی اہم سوالات پیدا کرتا ہے۔ بالخصوص پولیس کے نام سے جعلی درخواستوں کے ذریعے آن لائن مواد ہٹانے کی کوشش ڈیجیٹل آزادیوں کے تحفظ کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے۔








