بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں چار نوجوان گرفتار کرلیے
سرینگر غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے آج سرینگر میں چار نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر میں نوگام کے علاقے کانی ہامہ میں بھارتی پولیس، فوج کی50آر آر اورپیراملٹری سی آر پی ایف پر مشتمل ایک مشترکہ موبائل وہیکل چیک پوسٹ (MVCP) قائم کی گئی جس کے بعد فورسز اہلکاروں نے سفید رنگ کی آلٹو گاڑی کو روکا اوراس میں سوار چار نوجوانوں کو گرفتارکرلیا ۔ گرفتارنوجوانوں کی شناخت ز غفران کالونی پانتہ چوک کے محمد یاسین بٹ، شیراز احمد راتھراور غلام حسن کھانڈے اور فرستہ بل پانپور کے امتیاز احمد بٹ کے طورپرہوئی ہے۔ پولیس نے تصدیق کی کہ گاڑی میں سوارچار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لیے انہیں مجاہدین کے ساتھی قرار دیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمدکرنے کا بھی دعویٰ کیا۔
دریں اثنا بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے آج(اتوار) ضلع اسلام آباد کے علاقے لکھبون لارکی پورہ میں تلاشی آپریشن کے دوران دو نوجوان گرفتار کر لیے ۔ گرفتار نوجوانوں کے نام تاحال سامنے نہیں آئے۔ بھارتی فورسز نے نوجوانوں کی گرفتاری کا جواز فراہم کرنے کیلئے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔