مقبوضہ جموں وکشمیر: فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہزاروں افراد فلسطینیوں پر وحشیانہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہرائے اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر ” فلسطین آزاد ہوگا،فلسطین کے ساتھ یکجہتی کیلئے کھڑے ہوں“ جیسے نعرے درج تھے۔
بڈگام میں جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعان کی جانب سے ایک زبردست ریلی نکالی گئی جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی الصفوی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فلسطینیوں پر اسرائیل جارحیت کے خلاف موثر آواز نہ اٹھانے پر عالمی برادری کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوںنے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ فلسطینی کاز کے لیے متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے لیے آواز بلند کرنا مسلمانوں کی ذمہ داری اور ان کے ایمان کا حصہ ہے۔
ضلع بڈگام کے علاقے ماگام میں بھی سینکڑوں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور مسلم دنیا کے رہنماو¿ں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی مجرمانہ خاموشی ترک کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحدہ ہونا ہوگا۔