میر واعظ کی طرف سے بجلی کے بحران پر قابض انتظامیہ پر کڑی تنقید
سرینگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میرواعظ عمر فاروق نے مقبوضہ علاقے میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قابض انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو فوری بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کشمیریوں کو کئی دہائیوں سے بجلی کے بحران کا سامنا ہے تاہم موجودہ سنگین صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پوری وادی سے انہیں روزانہ کشمیری عوام ٹیلی فون کرکے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے مسئلے سے آگاہ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بجلی جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی قابض انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ مقبوضہ علاقہ آبی وسائل سے مالامال ہے اوربجلی کی پیداوار وافر ہے تاہم کشمیری عوام کو بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے ۔میر واعظ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے آبی وسائل سے پیداہونیوالی بجلی پر پہلا حق کشمیریوں کا ہے ۔تاہم انہیں بجلی کی فراہمی کی بجائے اسے بھارت کو برآمد کر دیاجاتا ہے اور کشمیری اندھیروں میں زندگی گزار نے پر مجبور ہیں۔انہوں نے مقبوضہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے مودی حکومت کے دعوئوں پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام آج بھی بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں جس کی وجہ سے انکے معمولات زندگی اور کاروبار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے قابض انتظامیہ سے اس سنگین صورتحال پرفوری قابو پانے کیلئے اقدامات کرنے پر زوردی۔