بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی سرزمین جہنم بنا دی ہے ، ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی
سرینگر28اگست (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ دس لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں نے مقبوضہ علاقے کی سرزمین کو جہنم بنا دیا ہے۔ تنظیم نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں جو بھارت کے استعماری حربوں کے خلاف آواز اٹھاتا ہے اسے جان سے مار دیا جاتا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ ایک ایسے وقت میں پوری دنیا میں تنازعات کے حل پر زور دیا جا رہا ہے بھارت نے مسلسل ضد اور ہٹ دھرمی کا راستہ اپنا رکھا ہے اور وہ حق پر مبنی کشمیریوں کی جدوجدکو طاقت کے بل پر دبانے کی بہیمانہ پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے اس وقت کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں اور جوکوئی بھارتی جبر واستبداد کے خلاف آواز اٹھا تا ہے اسے قتل کر دیا جاتا ہے یا پھر کالے قوانین کے تحت سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جاتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسز روز بے گناہ اور نہتے کشمیری نوجوانوں کو قتل کر رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ سمیت ہزاروں آزادی پسند کشمیری دور دراز کی بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظر بند ہیں۔ ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے تاکہ کشمیریوں کی مشکلات اور مصائب کا خاتمہ ہو سکے۔