صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے نظر بند حریت رہنماء شبیر شاہ کی رہائی میں مدد کی اپیل
گرتی ہوئی صحت کی وجہ سے جیل میں شبیر شاہ کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے ، محمود ساغر
اسلام آباد:
جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار سے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربندسینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کی فوری رہائی کیلئے اقدامات کی اپیل کی ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیر اعظم کے نام اپنے الگ الگ خطوط میں انکی توجہ جیل میں شبیر شاہ کی گرتی ہوئی صحت کی جانب مبذول کرائی ۔انہوں نے کہاکہ شبیر احمد شاہ کوکشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے پر 2017میں غیر قانونی طورپر قید کردیاگیاتھا اوروہ جیل میں پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شبیر شاہ اپنی زندگی کا اہم حصہ 38سال مختلف جیلوںمیں گزار چکے ہیں۔محمود احمد ساغر نے کہا کہ شبیر شاہ طویل نظربندی کی وجہ سے پہلے ہی متعدد عارضوں میں مبتلا ہیں اور اب انکے پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا ہونے کی تشخیص ہوئی ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں فوری سرجری کرانے کی ہدایت کی ہے تاہم انہیں مناسب طبی سہولت فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے خط میں افسوس ظاہر کیاکہ بھارتی عدلیہ نے شبیر احمد شاہ کو گرتی ہوئی صحت کے باوجود ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے ۔ مزید ستم ظریفی یہ ہے کہ اس انتہائی نازک وقت میں ان کے اہلخانہ کو ان سے ملاقات اور ان کے ساتھ رہنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔
محمود احمد ساغر نے صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار سے اپیل کی کہ وہ شبیر شاہ کو علاج معالجے کی مناسب سہولت کی فراہمی اوران کی رہائی کامعاملہ تمام متعلقہ عالمی فورمز پر اٹھائیں تاکہ ان کی زندگی کو بچایا جاسکے۔ محمود ساغر نے کہا کہ تمام بین الاقوامی معاہدوں اور انسانی حقوق کے کنونشوں میں قیدیوںکو علاج معالجے اور مناسب خوراک سمیت متعدد حقوق کی ضمانت دی گئی ہے تاہم بھارتی قابض انتظامیہ کشمیری نظربندوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے جیلوں میں انکی زندگیوں سے کھلواڑ کر رہی ہے جو کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے ۔








