حریت رہنمائوں کا سردار امجد یوسف کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت
اسلام آباد 02جولائی(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں و کشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے ڈائریکٹر سردار امجد یوسف کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انہوں نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ سردار امجد یوسف کی اپنی والدہ سے آخری ملاقات نہ ہوسکی کیونکہ وہ اس وقت یونان میں تحریک آزاد ی کشمیر کو اجاگر کرنے میں مصروف عمل تھے ۔ اس دوران گزشتہ روز ان کی والدہ شدید علالت کے باعث اسلام آباد میں انتقال کرگئیں ۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس اور تحریک آزادی کشمیر سے وابستہ تمام افراد سردار امجد یوسف کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے مرحومہ کیلئے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
دریں اثناء حریت رہنمائوں الطاف حسین وانی اور شمیم شال نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں سردارامجد یوسف کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہارکرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت اوریکجہتی کا اظہارکیا۔