اسلام آباد: سیمینار کے مقررین کا شہدائے جموں کو خراج عقیدت
مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، امیر مقام ودیگر
اسلام آباد :اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے ”شہدائے جموں“ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے کشمیریوں کی نسل کشی روکنے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیمینار کا انعقاد کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ اور کشمیر لبریشن سیل نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ سیمینار کی صدارت حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔ سیمینار میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان امیر مقام ، پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون ، صدر مسلم لیگ (ن) آزاد جموںوکشمیر شاہ غلام قادر ، وزیر حکومت آزاد جموںوکشمیر محمد اکمل سرگالہ،ڈاکٹر خرم پرویز ، محمد فاروق رحمانی ، پرویز احمد شاہ ،راجہ نجابت حسین اور دیگر شریک تھے۔
مقررین نے شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز اور ہندو توا غنڈوںنے 1947میں ایک منصوبہ بند سازش کے تحت جموںخطے میں مسلمانوں کا قتل عام کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداءنے اپنی جانیں ایک عظیم مقصد کیلئے قربان کیں اور انکی بیش بہاقربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام شہدا ء کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے اپنی پرامن جدوجہد عزم وہمت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارت کی غلامی سے آزاد ہوکر آزاد فضاﺅں میں سانس لیں گے۔ مقررین نے کہا کہ جب تک تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جاری سنگین بھارتی جرائم کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے کردار ادار ادا کرے۔KMS-10/M





