امریکہ میں مقیم کشمیریوں کا 5اگست کو پرامن احتجاج کرنے کا اعلان
واشنگٹن: امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے واشنگٹن میں منعقدہ ایک اجلاس میں دفعہ 370اور35Aکی منسوخی کو جس کے ذریعے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کردیاگیاتھا،پانچ سال مکمل ہونے کے موقع پر5اگست 2024کوپرامن احتجاجی مظاہرے کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت کے اس یکطرفہ اورغیر قانونی فیصلے کی دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شدید مذمت کی تھی۔احتجاج کا مقصدکشمیریوں کی تحریک آزادی کی حمایت میں ریلی نکالنا اور بھارت کی پروپیگنڈہ مشینری کا مقابلہ کرنا ہے جس کا دعویٰ ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں سب کچھ معمول کے مطابق چل رہاہے۔بھارت کے جارحانہ طرز عمل اور مذموم پروپیگنڈے کے باوجود تحریک آزادی کشمیر پورے جوش وجذبے کے ساتھ جاری رہے گی۔اجلاس میں ممتاز کشمیری رہنمائوں نے شرکت کی جن میں ڈاکٹر غلام نبی فائی، سردار ظریف خان، راجہ لیاقت کیانی اور دیگر شامل تھے۔امریکہ میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔ سردار ظریف خان کی صحت یابی کے لیے بھی دعائوں کی استدعا کی گئی ہے جو سرجری کے بعد صحتیاب ہورہے ہیں۔