مسرت عالم بٹ کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل مکمل ہڑتال کی اپیل
سرینگر 24 نومبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں معصوم شہریوں کے قتل کے خلاف کل مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جعلی مقابلوں میںبے گناہ شہریوں کے قتل کے واقعات کے خلاف کل مکمل ہڑتال کریں۔بھارتی فوجیوں نے آج سرینگر کے علاقے رام باغ میں تین شہریوں اور15 نومبر کو شہر کے علاقے حیدر پورہ میں ایک جعلی مقابلے میں چار افراد گولی مار کر شہید کر دیاتھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کے قتل کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی مظالم کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتے اوروہ جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔