کشمیری عوام بی جے پی کی پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں ، جی اے میر
جموں 25 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انڈین نیشنل کانگریس کی کشمیر شاخ کے صدر غلام احمد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ کشمیری عوام تبدیلی چاہتے ہیں کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں میں پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد میر نے کہا کہ تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے کشمیری مودی حکومت کی کارکردگی اور اس کی نوجوان ، غریب اور عوام دشمن پالیسیوں سے مکمل طور پر تنگ آچکے ہیں کیونکہ مقبوضہ علاقے میں مہنگائی اور بے روزگاری میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ حکومت ملازمین ، تاجر، کسان اور عوام دشمن پالیسیاں بنارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی بیوروکریٹس کے ذریعے پچھلے دروازے سے کشمیریوں پر عوام دشمن پالیسیاں مسلط کر رہی ہے کیونکہ جموں و کشمیر میں گزشتہ ساڑھے تین سال سے کوئی منتخب عوامی نمائندہ نہیں ہے اور اب کشمیری عوام کو کڑوی گولیاں نگلنے پر مجبور کیا جا رہا ہے کیونکہ ان کے پاس بی جے پی کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کرنے کیلئے کوئی نمائندگی یا فورم نہیں ہے۔