مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی تمام حدیں پار کر لی ہیں، تحریک وحدت اسلامی

سرینگر 26نومبر ( کے ایم ایس ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں تحریک وحدت اسلامی نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر یوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے ریاستی دہشت گردی کی تمام حدیں پار کر لی ہیں اور وہ بیگناہ کشمیری نوجوانوں کو روز جعلی مقابلوں میں شہید کر کے کشمیریوں کی نسل کشی کے مذموم منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھا رہا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان شاہد علی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کے عزم وہمت اور تحریک آزادی کے ساتھ انکی گہری وابستگی نے بھارت کو بوکھلاہٹ کا شکار کر دیاہے اور اس نے اپنی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دراصل مقبوضہ علاقے میں ایک ہاری ہوئی لڑائی لڑرہا ہے لیکن گھمنڈ اور تکبر کے شکار بھارتی حکمران اپنی ہار ماننے کیلئے تیار نہیں اور انکے اس غیر حقیقت پسندانہ اور ہٹ دھرمانہ طرز عمل نے پورے جنوبی ایشیا کا امن داﺅ پر لگا رکھا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو ایک روز اپنی شکست کا اعتراف کر کے مقبوضہ علاقے سے اپنی فورسز کا انخلا کرنے پڑے گا۔ انہوں نے قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں سرینگر کے علاقے رام باغ میں مزید تین کشمیریوں کے ایک جعلی مقابلے میں قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیگناہ نوجوانوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا جعلی مقابلو ں میں پے در پے قتل کشمیریوں کی نسل کشی کی مذموم بھارتی پالیسی کا حصہ ہے۔تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی حکومت مقبوضہ علاقے میں ہرمخالف آواز کو بندوق کی نوک پر کچلنے پر تلی ہوئی ہے اور اسکی شرانگیزیوں سے مقبوضہ علاقے کے صحافی، دانشور ، مصنفین اور انسانی حقوق کے کارکن بھی محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے انسانی حقوق کے معروف کشمیری کارکن خرم پرویز کی گرفتاری کو عالمی برادی کیلئے چشم کشا قراردیتے ہوئے کہا کہ خود کو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک قرار والا بھارت مقبوضہ علاقے میں عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔انہوں نے مقبوضہ علاقے کے غیور لوگوں کی بہادری اور عزم وہمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی ماﺅں ، بہنوں سمیت یہاں کا ہر فرد غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی حاصل کرنے کیلئے انتہائی پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہریوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف کشمیریوں کا سخت رد عمل ، مکمل ہڑتال اور احتجاج اس بات کی دلیل ہے کہ جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں سے قوموں کے جذبہ آزادی کو ہرگز مٹایا نہیں جاسکتالہذا بھارت کو چاہے کہ وہ بھی نوشتہ دیوار پڑھ لے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق ، حق خود اردیت دے۔ تحریک وحدت کے ترجمان نے رام باغ جعلی مقابلے کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ کی طرف سے دی جانے والی دو روزہ ہڑتال کی کال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ ہڑتال کوکامیاب بنا کر بھارت کو واضح پیغا م دیں کہ وہ اسکے جبری قبضے کو تسلیم نہیں کرتے ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button