عظیم حریت قائد سید علی گیلانی کی تیسری برسی کل منائی جائے گی
سرینگر:بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی کی تیسری برسی کل یکم ستمبر بروز اتوار منائی جائے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021 کو سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر دوران نظر بندی داعی اجل کو لبیک کہہ گئے تھے۔ بھارت نے انہیں 2010سے گھر میں مسلسل نظر بند کر رکھا تھا۔
مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کل سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں انکی قبر پر بھر پور خاضری دیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال کی دیگر آزادی پسند تنظیموں نے بھی حمایت کی ہے۔حریت کانفرنس نے ائمہ اور علمائے پر بھی زور دیا ہے کہ وہ سید علی گیلانی شہید اور دیگر کشمیری شہداءکے لیے مساجد میں خصوصی دعائیں کریں۔ حریت کانفرنس نے کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف بھر پور احتجاجی مظاہرے کریں۔
مقبوضہ جموں کی صورتحال پر نظر بند رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے سید علی گیلانی کی لازوال جدوجہد کشمیر کی نئی نسل کو تحریک دیتی رہے گی۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی آزادی کی آواز کو ختم کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی کا نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے“ اس وقت ہر کشمیری کی آواز بن چکا ہے ۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کی نظربند قیادت نے نئی دلی کی تہاڑ اور دیگر جیلوں سے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ سید علی گیلانی کی بے مثال او ر انتھک جدوجہد جموںوکشمیر کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی، شہید رہنما کی عظیم قربانی کشمیریوں کی ایک قابل فخر میراث ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر رہنماﺅںنے اسلام آباد میں جاری اپنے بیانات میں سید علی گیلانی کو برسی پر شاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بے مثال جدوجہد، بہادری اور قربانیاں دنیا بھر کی مظلوم قوموں کے لیے مشعل راہ ہیں ۔حریت رہنما حسیب وانی نے بھی ایک بیان میں بزرگ کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کو ان کی تیسری برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم رہنما کی قابل فخر میراث کشمیر کی آنے والی نسلوں کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔
انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے خاتمے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔