نفرت اور تقسیم کی سیاست کے سوا بی جے پی کے تمام وعدے جھوٹے ثابت ہوئے: کانگریس
جموں:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے رہنما رمن بھلہ نے کشمیری عوام کا استحصال کرنے پر بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی نے مختلف شعبوں میں علاقے کو تباہ کردیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رمن بھلہ نے جموں میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی مقبوضہ جموں وکشمیرکی شناخت، حیثیت اور ملازمتوں، زمینوں، تجارت اور ٹرانسپورٹ پر کشمیریوں کے حقوق چھین رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میںبھرتیوں میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ روشن مستقبل، قیمتوں میں کمی اور نوکریوں کے نام پر لوگوں کا استحصال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کے سوابی جے پی کے تمام وعدے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔رمن بھلہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کے امیدواروں پر اپنا ووٹ ضائع نہ کریں جو صرف اپنا مستقبل بہتر بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔