اتر پردیش: دلت خاندان کے چار افردکو قتل کر دیا گیا
لکھنو27 نومبر (کے ایم ایس)بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع پریاگ راج میں ایک دلت خاندان کے چار افرادکو وحشیانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پولیس نے بتایاکہ ایک 50 سالہ شخص، اس کی 47 سالہ بیوی، 17 سالہ بیٹی اور 10 سالہ بیٹا جمعرات کو پریاگ راج ضلع میں اپنے گھر کے اندر مردہ پائے گئے۔ان کے رشتہ داروں نے الزام لگایا ہے کہ ماں اور بیٹی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔ پولیس نے مزید کہا کہ ایف آئی آر میں نامزد 11 ملزمان میں سے آٹھ کو گرفتار کر لیا گیا۔شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مجرم چار دیواری توڑنے کے بعد گھر میں داخل ہوئے اور سوئے ہوئے خاندان پر حملہ کیا۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک خون آلود کلہاڑی بھی ملی۔لاشیں گلنے سڑنے کی حالت میں تھیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہیں دو دن قبل قتل کیا گیا تھا۔مقتول افراد کے رشتہ داروں نے پولیس کو دی گئی تحریری شکایت میں زمین کے تنازع کا ذکر کیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ ایک اعلیٰ ذات کے خاندان کے افراد نے ماضی میں دلت خاندان کو دھمکیاں دی تھیں۔