جموں میں میاں بیوی کی لاشیں مشتبہ حالت میں برآمد
جموں:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں کے علاقے تالاب تلو میں ایک ریٹائرڈ پرنسپل اور ان کی اہلیہ اپنی رہائش گاہ پر پراسرار حالت میں مردہ پائے گئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پرنسپل کی حیثیت سے ریٹائرڈ ہونے والے سنجے کمار چنڈیل اور ان کی اہلیہ وینا دیوی کی لاشیں ان کے ایک رشتہ دار کو ملی جس نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع ملنے پر متعلقہ ایس پی کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم ایس ڈی پی او دومانہ اور ایس ایچ او دومانہ کے ساتھ جائے واردات پر پہنچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا۔ایس ایس پی جموں جوگندر سنگھ نے صحافیوں کو بتایاکہ سینئر افسران کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم اور ایک فرانزک ٹیم واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ موت کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہے لیکن ہماری ٹیمیں اس کا تعین کرنے کے لیے پوری تندہی سے کام کر رہی ہیں۔