جموں
راجوری: کنٹرول لائن کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کا پورٹر شدید زخمی
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں کنٹرول لائن کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کا ایک پورٹر شدید زخمی ہوگیا۔
کرشن لال ساکن لانگر پیر پیر کی صبح نوشہرہ سیکٹر کے اگلے علاقے سے گزر رہا تھا کہ اچانک اس کا پاؤں ایک بارودی سرنگ پر پڑ گیا، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور اس کی دائیں ٹانگ جسم سے الگ ہوگئی۔ اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے ساتھ اگلے مورچوں کے قریب بارودی سرنگیں بچھا رکھی ہیں۔ شدید بارشوں کے باعث بعض اوقات یہ سرنگیں اپنی جگہ سے کھسک کر دوسری جگہ منتقل ہو جاتی ہیں، جس سے سرحدی علاقوں کے رہائشیوں کے لیے خطرات پیدا ہوتے ہیں۔







