صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ میں 8طیارے تباہ ہونے کا ذکر کر دیا

فلوریڈا:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک با ر پھر پاک بھارت جنگ میں بھارتی لڑاکا طیاروں کی تباہی کا ذکر کرتے ہوئے کہاہے کہ انہوں نے دنیا میں 8جنگیں رکوائی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر ٹرمپ نے امریکی ریاست فلوریڈا ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا میں 8 جنگیں رکوائیں، جس میں سب سے زیادہ خطرناک پاک بھارت جنگ تھی اگر یہ جنگ جاری رہتی تو اس کے اثرات عالمی سطح پر چھا سکتے تھے۔انہوں نے کہاکہ پاک بھارت جنگ میں 8طیارے گرائے گئے۔ صدر ٹرمپ نے اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت انتہائی قابل احترام ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ٹرمپ نے ایک کروڑجانیں بچائیں۔انہوں نے طاقتور ٹرمپ کلاس بحری جہاز بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آبدوز سازی میں امریکا کسی بھی ملک سے 15برس آگے ہے ۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی فوج میں دنیا کا طاقتور ترین طیارہ بردار جہاز شامل کیا جا رہا ہے جبکہ امریکا کو نئے بحری جہازوں کی اشد ضرورت تھی۔صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا کے پاس دنیا کے بہترین ہتھیار اور عسکری آلات موجود ہیں۔
واضح رہے کہ روں سال مئی میں بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے رافیل سمیت بھارت کے8 جدید ترین طیارے مار گرائے تھے ۔








