کشمیری حق خودارادیت کے لیے کئی دہائیوں سے مشکلات برداشت کر رہے ہیں
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے عوام اقوام متحدہ سے حق خودارادیت کا اپنا وعدہ پورا کرنے کے مطالبے پر گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی مظالم برداشت کررہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ 35سال میں بھارتی فوجیوں کی پرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں 96ہزار سے زائد کشمیری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد جاری ہے اور کشمیری عوام انصاف اور حق خود ارادیت کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد میں پرعزم ہیں۔رپورٹ میں بھارتی فورسز کی طرف سے فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کی منظم کوششوں کو اجاگرکیاگیا ہے۔ بھارت کے جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام کی جدوجہداورمزاحمت بھرپورانداز میں جاری ہے جس کو تاریخ میں ایک قابل فخر اور روشن باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا ظلم و جبر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا اور نہ ہی خطے میں حق خودارادیت کی جدوجہد کی حقیقت کو تبدیل کرسکتا ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کے لیے ضروری ہے کہ وہ کشمیر کی صورت حال کا نوٹس اور تنازعہ کشمیر کوحل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرے۔انہوں نے کہاکہ ظلم کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت آنے والی نسلوں کو ان کے حقوق اور آزادی کی جدوجہد کے لئے تحریک دے گی۔