مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کی قرارداد مزید کارروائی کیلئے متعلقہ حکام کو بھجوادی گئی
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر اسمبلی کے سپیکر عبدالرحیم راتھر نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کیلئے اسمبلی کی طرف سے منظور کی گئی قراردادمزید کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کو بھجوا دی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عبدالرحیم راتھر نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں منظوری کے فورا بعد بھجوادی گئی تھی ۔انہوں نے کہاکہ بطور سپیکر کی حیثیت سے ان کا کردار ووٹوں کی گنتی کے ذریعے غیر جانبدارانہ عمل کو یقینی بنانا تھا۔انہوں نے کہاکہ بطور سپیکر، ان کے فرائض اجلاس کی صدارت اور ووٹوں کی گنتی تک محدود تھے۔انہوں نے مزیدکہاکہ قرارداد کے حق میں 62 اور مخالفت میں 28 ووٹ ڈالے گئے تھے ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو ووٹوں کی گنتی کے عمل میں تبدیلی کی توقع تھی ۔ تاہم انہوںنے اپنی غیر جانبدانہ پوزیشن برقراررکھی۔ مقبوضہ کشمیرمیں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں عبدالرحیم راتھر نے کہاکہ سیکورٹی صورتحال بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے نہ کہ مقبوضہ کشمیر حکومت کی۔ایک ثقافتی پروگرام میں، انہوں نے کشمیری ثقافتی ورثے کے تحفظ اورفروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری زبان کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ثقافتی اقدامات اور مقامی فنکاروں کی حمایت کرنے کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔