بھارت : علی گڑھ میں نماز سے واپس آ رہے چار نوجوانوں پر حملہ
علی گڑھ: بھارتی ریاست اترپردیش میں علی گڑھ کے علاقے شاہجمال میں نماز ادا کرنے کے بعد گھر لوٹنے والے چار مسلمان نوجوانوں پر ایک گروپ نے حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیاجن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ واقعہ روراوار پولیس اسٹیشن کے علاقے تلی پاڈا میں پیش آیا۔ متاثرہ نوجوانوں کے رشتہ داروں نے بتایا کہ وہ مسجد سے پرامن طریقے سے واپس جا رہے تھے جب لاٹھیوں اورڈنڈوں سے لیس تقریباً ایک درجن حملہ آوروں نے انہیں گھیر لیا اور زدوکوب کیا۔زخمیوں کو پہلے ملکھان سنگھ ضلع اسپتال لے جایا گیا جہاںسے دو کو بعد میں جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج اسپتال منتقل کیا گیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ واقعہ محلے کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑے سے شروع ہوا۔عینی شاہدین کے مطابق جھگڑے کو تھانے لے جایا گیا جہاں مبینہ طور پر دونوں فریقین میں سمجھوتہ ہو گیا۔ تاہم اہل خانہ کا کہنا ہے کہ معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا۔رشتہ داروں نے بتایا کہ ملزمان بعد میں نوجوانوں کا انتظار کرنے لگے اور گھر جاتے ہوئے ان پر دوبارہ حملہ کر دیا۔






