قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف پٹن میں لوگوں کا احتجاجی مظاہرہ
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن میں لوگوں نے قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پٹن کے علاقے کے وانیگام پائین میں عیدگاہ کالونی کے رہائشی پینے کے پانی کی شدید قلت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔مقامی لوگوں نے صحافیوںسے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کئی ہفتوں سے پانی سے محروم ہیں اور متعلقہ محکمہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ علاقے کے لیے پانی کا واحد ذریعہ آبپاشی کی ایک چھوٹی سی نہر ہے جس کی کئی ہفتوں سے مرمت جاری ہے جس سے پانی کی قلت بڑھ گئی ہے۔یہ بات قابل ذکرہے کہ علاقے کو ابھی تک پائپ کے ذریعے پانی کی سپلائی نہیں ملی ہے جس سے بھارتی حکومت کے ترقی کے بلند وبانگ دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔مقامی لوگوں نے کہا کہ انہوں نے یہ مسئلہ علاقے کے رکن اسمبلی عرفان حفیظ لون کے ساتھ بھی اٹھایا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔