بھارت :چھتیس گڑھ میں دو خواتین کا قتل
رائے پور:بھارت کی شورش زدہ ریاست چھتیس گڑھ میں تشدد کے الگ الگ واقعات میں دو خواتین کو قتل کیاگیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع بیجاپور کے علاقے لودیدھ سے تعلق رکھنے والی 40سالہ یالم سکرا نامی خاتون کو ایک گروہ نے اغوا کیا اور تین کلومیٹر دور جنگل میں لے جاکر گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ایک اور واقعے میں اسی ضلع کے علاقے تیما پور میں ایک آنگن واڑی کارکن 45سالہ لکشمی پدم کو اس کے گھر والوں کے سامنے گھر سے گھسیٹ کر لے جایا گیا اور گلا دبا کر قتل کر دیا گیا۔علاقے کے مائونوازوں نے مبینہ طور پر اس پر پولیس کی مخبر ہونے کا الزام لگایاتھا۔ان ہلاکتوں سے بیجاپور میں صرف ایک ہفتے میں ہلاکتوںکی کل تعداد پانچ ہوگئی ہے۔
دریں اثنا ء ریاست میں ضلع نارائن پور کے علاقے ابوجھماد میں مائونوازوں کے ایک حملے میں پولیس کی انسداد بغاوت ونگ ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈز (DRG)کا ایک ہیڈ کانسٹیبل مارا گیا۔