انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد، مظفر آباد اور وادی نیلم میں بھارت مخالف مظاہرے
اسلام آباد:انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس اور کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمود احمد ساغر کی قیادت میں اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فورسز کی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام ایک یاداشت بھی پیش کی گئی ۔مظاہرے میں حریت قائدین ،کشمیر لبریشن سیل کے عہدیداران ،پاکستان و آزاد کشمیر کی مختلف سیاسی،سماجی مذہبی اورطلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔مقررین نے اپنے خطاب میں عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے عالمی برادری کی بے حسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اس دن کو شایان شان طریقے سے مناتی ہے، لیکن کشمیری عوام کو گزشتہ 76سال سے بھارتی ظلم و ستم ،قتل و غارت،پکڑ دھکڑ،جلائواور گھیرائو کا سامنا ہے ۔مقررین نے مقبوضہ کشمیرکے لوگوں کو سالہاسال سے بھارتی فورسز کی جانب سے جبری گمشدگیوں ،ماورائے عدالت قتل،سیاسی ،مذہبی اوربنیادی شہری حقوق کی سنگین پامالیوں، حریت قائدین اور کارکنوں کی جبری گرفتاریوں کاسامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگست 2019 سے پہلے یا بعد میں گرفتارہونے والے ہزاروں کشمیری ، اب بھی دور دراز جیلوں میں قید ہیں۔مقررین نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد نہ ہونے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سے انکار کو خطے میں بدامنی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بنیادی وجہ قرار دیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے فوری اور پرامن حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ان کاکہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر، اقوام متحدہ اور دنیا کی با اثر حکومتوں اور انسانی حقوق کی جملہ تنظیموں کو اس دیرینہ تنازعے کے جلد اور پرامن حل پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے تاکہ کشمیری عوام کی مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔مظاہرے میں چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ مظاہرے میں حریت رہنمائوں سید یوسف نسیم، ایڈووکیٹ پرویزشاہ ، میر طاہر مسعود ،سید فیض نقشبندی ، محمد خطیب حسین ، مشتاق احمد بٹ، وجاہت رشید بیگ ، سردار علی شان، سردار ساجد محمود ،سردار نجیب الغفور خان ، فرحان قیوم عباسی ،حاجی محمد سلطان،شیخ عبدالمتین ،حسن البنا، جاوید جہانگیر،راجہ شاہین،اعجاز رحمانی،نثار مرزا ،شیخ محمد یعقوب ،امتیاز وانی، میاں مظفر ،زاہد صفی،زاہد اشرف،سید مشتاق حسین ، ثناء اللہ ڈار،اشرف ڈار،شیخ ماجد، نذیر کرنائی ،چوہدری شاہین،عدیل مشتاق، منظور احمد ڈار،سید گلشن احمد،عبدالمجید لون ، محمد شفیع ڈار، کفایت حسین ،منظور احمد شاہ ،خورشید میر ، میڈم بینظیر، محمد آصف ڈار،،شوکت حسین بٹ،عبدالمجید میر، رئیس میر، خالد شبیر، عبد الحمید لون ،اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبروتشدد کے خلاف دارالحکومت مظفرآباد میں پاسبان حریت کے زیرِ اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف نعرے درج تھے ۔ مظاہرین نے "جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے،کشمیری قیدیوں کو رہا کرو،کالے قوانین ختم کرو،انسانی حقوق کی پامالیاں بندو کرو، ظالموں جواب دو خون کا حساب دو”جیسے فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔ مظاہرین نے اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لینے اورکشمیری نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا ۔ مظاہرے میں خواتین ، بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے خلاف شہریوں نے سیاہ جھنڈے بھی لہرائے ۔ مظاہرے سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی ، چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی ، حریت رہنمائوں شمیم شال ، مشتاق الاسلام ، عثمان علی ہاشم ، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، سید آصف گیلانی ، مہناز قریشی، ریاض اعوان اور دیگر نے خطاب کیا ۔
دریں اثناء کیل وادی نیلم میں شہریوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی دہشت گردی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ نائب تحصیلدار کیل خواجہ فاروق احمد اور جماعت اسلامی کے رہنما ممتاز حسین پائیر کی قیادت میں مظاہرے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مقررین نے بھارتی مظالم کی مذمت کی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں ۔