کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل یوم استحصال منائیں گے

سرینگر:کنٹرول لائن کے دونوں جانب ، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 5اگست 2019کو مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی طرف سے کئے گئے غیر قانونی اقدامات کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے کل یوم استحصال کشمیر منائیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مودی کی بھارتی حکومت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے اس دن دفعہ 370اور35Aکو منسوخ کردیا تھا جس کے تحت غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 5اگست یوم استحصال کشمیر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں تاکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جاسکے کہ بھارت نے ان کے مادر وطن پرغیر قانونی طورپر قبضہ کررکھا ہے اور کشمیری اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔حریت کانفرنس نے کہاکہ یہ دن منانے کا مقصد عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے میں تعینات دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے وحشیانہ ظلم و تشدد کے بارے میں آگاہ کرنا ہے ۔حریت کانفرنس نے کہا کہ سات سال سے مسلسل فوجی محاصرے اورجاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے کشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور فرقہ پرست بی جے پی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک ٹارچر چیمبر میں تبدیل کر دیا ہے۔دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہاہے کہ کشمیری مودی کی بھارتی حکومت کے 05اگست 2019کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کو قبول نہیں کرتے اور تنازعہ کشمیر کے حل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ کے زیرانتظام متنازعہ علاقے میں بھارت کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کا نوٹس لے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا جب تک تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتا۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس آزادجموں وکشمیر شاخ نے 5اگست2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے خلاف کل یوم سیاہ منانے کی حریت کانفرنس کی اپیل کی حمایت کی ہے ۔حریت کنوینر غلام محمد صفی اور جملہ کشمیری حریت قیادت نے اسلام آباد میں جاری اپنے بیانات میں کہا ہے کہ اس دن پوری دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جائے گاکہ کشمیری عوام بھارت کے مسلط کردہ غیر قانونی اقدامات کو ہرگز تسلیم نہیں کرتے جواقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔







