مقبوضہ کشمیرمیں گورننس کا ہائبرڈ ماڈل کسی کے مفاد میں نہیں ، عمر عبداللہ
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں گورننس کا ہائبرڈ ماڈل کسی کے مفاد میں نہیں اور نظام اس وقت بہتر کام کرے گا جب ایک ہی سینٹر آف کمانڈ ہو۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو میں لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ کسی قسم کی محاذ آرائی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اگر اقتدارکے دوہرے مراکز حکمرانی کا موثرذریعہ ہوتا تو یہ نظام ہر جگہ رائج ہو تا ۔انہوں نے کہاکہ جب اقتدار کاسرچشمہ ایک ہی تو نظام بہتر کام کرتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بعض معاملات پر اختلاف رائے رہا ہے، لیکن اس پیمانے پر نہیں جس بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت کے قواعد وضوابط مناسب مشاورت کے بعد وضع کئے جائیں گے اور پھر انہیں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو بھیجا جائے گا۔






