بی ایس ایف بنگلہ دیش سے دراندازوں کوبنگال میں داخل ہونے دے رہی ہے ، ممتا بنر جی
کولکتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہاہے کہ بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس ریاست کو غیر مستحکم کرنے کیلئے بنگلہ دیش سے دراندازوں کوداخل ہونے کی اجازت دے رہی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ممتا بنرجی نے کولکتہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی ایس ایف کے اس رویہ کے پیچھے ‘مودی حکومت کی سازش’ کارفرماہے۔انہوں نے کہاکہ بی ایس ایف اسلام پور، سیتائی، چوپڑا اور کئی دوسرے سرحدی علاقوں سے دراندازوں کو بھارت میں داخل ہونے کی اجازت دے رہی ہے۔ بی ایس ایف بھی لوگوں پر تشدد کر رہی ہے اور مودی حکومت ریاست کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ بنگلہ دیش ا ور بھارت دونوں میں امن چاہتی ہے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ دراندازی بی ایس ایف کا بہت ہی خفیہ کام ہے اور مودی حکومت کے پاس اس کے لیے ایک بلیو پرنٹ بھی ہے۔انہوں نے بنگال کے ڈی جی پی راجیو کمار کو ہدایت دی کہ وہ یہ معلوم کریں کہ درانداز مغربی بنگال میں داخل ہونے کے بعد کہاں پناہ لیتے ہیں ۔ ممتا بنر نے کہا کہ اگر بی ایس ایف نے اپنی مذموم کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا تو اسکے خلاف سخت احتجاج کیاجائیگا۔