اقوام متحدہ مداخلت کرکے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے:مقررین سیمینار
اسلام آباد: یوم حق خودارادیت کے سلسلے میں آج اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک سیمینار منعقد کیاگیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار کے مہمان خصوصی سابق صدر آزاد جموں وکشمیر و سفارتکارمسعود احمد خان تھے جبکہ گلگت بلتستان کے ترجمان فیض اللہ فراق اورکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔ مقررین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے 5 جنوری 1949کو اقوام متحدہ کی طرف سے کشمیر کے بارے میں منظور کی گئی قرارداد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بنیاد فراہم کرتی ہے اور اس قرارداد میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔ مقررین نے کہاکہ کشمیریوں نے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام تر وسائل کو بروئے کارلانے کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہاہے۔انہوں نے بھارت پرزوردیا کہ وہ زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے سازگار ماحول پیدا کرے۔مقررین نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی پامالیوں کانوٹس لیں اور علاقے میں جاری ظلم وستم کو بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ مقررین نے کہااقوام متحدہ کوعالمی امن کو یقینی بنانے کے لئے تشکیل دیا گیاتھا اور اگر عالمی امن کو اس وقت کوئی سنگین خطرہ ہے تو وہ تنازعہ کشمیر کا حل نہ ہونا ہے۔مقررین نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے 5اگست 2019کے بھارتی اقدامات کو غیر قانونی ، غیر آئینی، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی قراردیا۔ سیمینار کے اختتام پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہدا ء کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ سیمینار میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنمائوں محمود احمد ساغر، ، الطاف حسین وانی ،سید فیض نقشبندی، شیخ محمد یعقوب، امتیاز وانی، سید اعجاز رحمانی،حسن البنائ، سید مشتاق، دائود یوسف زئی، محمدسلطان بٹ، محمد شفیع ڈار، میاں مظفر،عبدالمجید لون،عدیل مشتاق وانی، زاہد حسین، رئیس احمد میر، ظہور احمد، چوہدری محمد رفیق، ملک اسلم، افسر خان اور دیگر نے بھی شرکت کی۔