پاکستانیوم حق خودارادیت

عالمی برادری کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے اپنے وعدے پورے کرے: وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ ہر سال 5جنوری کوکشمیریوں کے یومِ حق خود ارادیت کے طور پر منایا جاتا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزیر اعظم نے کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ1949میں آج کے دن اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان (UNCIP)نے تاریخی قرارداد منظور کی تاکہ کشمیری عوام کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلانے کے لئے جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کرایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ حق خود ارادیت اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے۔ ہر سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جو لوگوں کو اپنی تقدیر خود طے کرنے کے قانونی حق کی وکالت کرتی ہے۔ یہ قرارداد غیر ملکی قبضے کے تحت لوگوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے واضح حمایت کا اظہار کرتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ یہ انتہائی قابل افسوس امر ہے کہ کشمیری عوام سات دہائیوں سے اس ناقابل تنسیخ حق کو استعمال نہیں کر سکے۔ آج وقت ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنے وعدوں پر عمل کرے اور ایسے بامعنی اقدامات اٹھائے جن سے جموں و کشمیر کے عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کا استعمال کرسکیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ عالمی برادری کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری بند کرانے، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کی بحالی کا بھی مطالبہ کرنا چاہیے۔ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کے لیے ایسے اقدامات اٹھا رہا ہے جن سے علاقے کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ نوعیت کو نقصان پہنچے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت 5اگست 2019کے بعد سے کیے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ذریعے متنازعہ علاقے میں آبادی کا تناسب اور سیاسی منظرنامے کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کا مقصدکشمیری عوام کو ان کے اپنے ہی وطن میں ایک بے اختیار اقلیتی برادری میں تبدیل کرنا ہے۔ بھارت حق خود ارادیت اور آزادی کے لئے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو کچلنے کے لئے وسیع پیمانے پر اورمنظم طریقے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہاہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور متعلقہ قراردادوں کے عین مطابق ہے ، مکمل سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button