مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف جموں وکشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے، حریت کانفرنس

سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کا تسلیم شد ہ متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف اس پر قابض ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک اجلاس کے بعد جاری بیان میں مقبوضہ علاقے کی صورتحال معمول کے مطابق ہونے کے بھارتی حکومت اور اس کی فوجی اسٹیبلشمنٹ کے دعوئوں پر کڑی تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھابلکہ اس نے غیر قانونی طورپر اس پر قبضہ کررکھاہے،جس کی وجہ سے کشمیری عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے اقوام متحدہ میں کشمیری عوام سے استصواب رائے کے ذریعے انہیں ان کا حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم بھارت کشمیری سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کرنے کے بعد مقبوضہ علاقے پر اپنے غیر قانونی تسلط کو مسلسل مضبوط کر رہاہے ۔اجلاس میں مقبوضہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی اورنہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے ظلم و تشدد پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں واضح کیاگیاکہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے قیام کے لیے کشمیری عوام کی خوہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔حریت ترجمان نے 26جنوری کو منائے جانیوالے بھارتی یوم جمہوریہ کے حوالے سے کہاکہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت گزشتہ 78سال سے کشمیری عوام کے جمہوری حقوق کو مسلسل پامال کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری نہ تو بھارت اور اسکے عوم کے دشمن ہیں اور نہ ہی بھارت کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرحدوں میں ان کے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے مخالف ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیاکہ بھارت کے پاس بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ مقبوضہ علاقے میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کا کوئی آئینی یا اخلاقی جواز نہیں ہے، جس پر وہ فوجی طاقت کے بل پر قابض ہے ۔حریت ترجمان نے کہاکہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں تمام اقوام کے حق خود ارادیت کی ضمانت فراہم کی گئی ہے اور اسے ہر انسان کا بنیادی اور پیدائشی حق تسلیم کیاگیاہے۔ اجلاس میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارت نے جموں و کشمیر میں رائے شماری کرانے کے لیے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیری عوام سے وعدے کیے تھے تاہم یہ وعدے آج تک پورے نہیں کئے گئے اور کشمیری عوام مسلسل اپنے جمہوری حق سے محروم ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button