میر واعظ کاتپن بوس کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمامیر واعظ عمر فاروق نے معروف سول سوسائٹی کا رکن، انسانی حقوق کے محافظ اور امن کے علمبردار تپن بوس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں تپن بوس کو اصول پسند شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جموں وکشمیر کے ایک سچے دوست تھے جو ہمیشہ مشکل وقت میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے رہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں میر واعظ نے کہا تپن بوس انصاف اور انسانی حقوق کے لیے ایک بے باک آواز تھے۔ امن کے لیے ان کی غیر متزلزل حمایت اور سچائی و مفاہمت کے ساتھ ان کی وابستگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا انتقال ان تمام لوگوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے جو انصاف اور انسانی عظمت پر یقین رکھتے ہیں۔میر واعظ عمر فاروق نے تپن بوس کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔






