خصوصی دن

پوری قوم بدھ کو کشمیر ی عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھر پور مظاہرہ کرے گی: وزیر اعظم

افواج پاکستان کا یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پوری قوم بدھ کو کشمیر ی عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھر پور مظاہرہ کرے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیر اعظم نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر قومی جذبے کے ساتھ منایا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کی تحریک میں ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور خیبر سے کراچی تک پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر تے ہیں۔
دریں اثناء افواج پاکستان نے بھی یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہارکیا ہے ۔راولپنڈی میں منعقدہ کور کمانڈرزکانفرنس نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور ان کو خطے کے امن اور استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا۔شرکا ئے کانفرنس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے کشمیری عوام کی جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ شرکا ء نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔فورم نے بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ عاقبت نا اندیش اور اشتعال انگیز بیانات کا بھی سخت نوٹس لیا اور ان کو غیر ذمہ دارانہ اور علاقائی استحکام کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔فورم سے خطاب کرتے ہوئے بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے اور بھارتی فوج کے یہ کھوکھلے بیانات ان کی بڑھتی ہوئی مایوسی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ اس طرح کے بیانات بھارت کے اندرونی خلفشار اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے اپنے عوام اور عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لیے دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور طاقت کے ساتھ جواب دے گا۔ شرکاء نے مادرِ وطن کے امن و استحکام کے لئے افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اوردیگر شہداء کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button