مقبول بٹ کے یوم شہادت پر مقبوضہ جموں وکشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی

سرینگر:ممتاز آزادی پسندکشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کے 41ویں یوم شہادت پرغیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند تنظیموں اوررہنمائوں نے دی ہے۔بھارت نے محمد مقبول بٹ کو 11فروری 1984کوکشمیریوں کے مطالبہ حق خودارادیت میں اہم کردار ادا کرنے پر نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں خفیہ طور پر پھانسی دی تھی۔ انہیں تہاڑ جیل کے احاطے میںہی سپرد خاک کیا گیا۔بھارتی حکام نے مقبوضہ علاقے کے عوام کی طرف سے مسلسل مطالبے کے باوجود شہید رہنما کا جسد خاکی مناسب تدفین کے لیے ان کے اہل خانہ کے حوالے نہیں کیا۔دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیری عوام کو محمد مقبول بٹ پر فخر ہے جنہوں نے پھانسی کے پھندے کو چوما لیکن آزادی کے اپنے مطالبے پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبول بٹ کی پھانسی ایک عدالتی قتل ہے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ شہد اء بھارتی تسلط کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا اصل اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدا ء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔
جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں محمد مقبول بٹ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہنما تحریک مزاحمت کی ایک علامت تھے جنہوں نے بھارتی قبضے سے آزادی کے عظیم مقصد کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے مقبول بٹ کی پھانسی کو عدالتی قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نام نہاد جمہوری ملک بھارت نے انہیں منصفانہ ٹرائل کے حق سے محروم کر کے نظام انصاف کے بنیادی اصولوں کی دھجیاں اڑادی ہے۔
دریں اثناء کشمیر کمپین گلوبل کے چیئرمین اور ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے بانی رہنما نذیر احمد قریشی نے شہید محمد مقبول بٹ اورشہید محمد افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنی قربانیوں سے ثابت کررہے ہیں کہ انہیں غلام بنانا ممکن نہیں ہے۔انہوں نے لندن سے جاری ایک بیان میں کہاکہ محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی شہادتیں رہتی دنیا تک کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو جلا بخشتی رہیں گی ۔انہوں نے کہا کہ بھارت جمہورت اورسیکولر ازم کے دعوئوں کے برعکس بدترین فسطائی ملک ہے جس نے اہل کشمیر کو گزشتہ 78سال سے حق خودارادیت سے محروم کررکھا ہے۔







