کوٹلی:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے اشتراک سے کوٹلی یونیورسٹی میں ایک سیمینار منعقدکیاگیا جس میں طلبا ء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ”نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور جموں و کشمیر کے لیے حق خودارادیت کی راہ ہموار کرنا”کے زیر عنوان سیمینار کی صدارت وائس چانسلر رحمت علی خان نے کی جبکہ مہمان خصوصی آزاد جموں و کشمیر کے وزیر چودھری عامریاسین تھے۔ مقررین نے اس موقع پر نوجوانوں کے کردار، مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں پر تفصیلی گفتگو کی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد میں ہے تاکہ کشمیری عوام کو یہ فیصلہ کرنے کا موقع دیا جا سکے کہ وہ پاکستان کے ساتھ جانا چاہتے ہیں یا بھارت کا حصہ رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر کا جزوی نہیں بلکہ مکمل حل چاہتی ہے اور اس موقف کو مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ پروفیسر شگفتہ اشرف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر گزشتہ 76سال سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجودہے لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث لاکھوں کشمیری اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اپنی قیادت کے وعدوں کا احترام کرتے ہوئے کشمیری عوام کو جلد از جلد استصواب رائے کا حق دینا چاہیے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔حریت رہنما چودھری شاہین اقبال نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا سب سے اہم فریق ہے اور اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد اور سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما محمد شفیع ڈار نے کہا کہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی مدد کے بغیر ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کو یقین ہے کہ پاکستان کے ساتھ مل کر اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں اور بھارت کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ عبدالحمید لون نے طلبا ء پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں۔ چودھری عامر یاسین اور نبیلہ ایوب نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت تحریک آزادی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کشمیری عوام کے حقوق کے لیے ہر حد تک جانے کے لئے تیار ہے۔ رحمت علی خان نے کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کوٹلی یونیورسٹی میں ہونے والے اس سیمینار کی اپنی منفرد اہمیت اور افادیت ہے۔ انہوں نے حریت کانفرنس پر زور دیا کہ وہ مزید یونیورسٹیوں اور کالجوں میں بھی اس طرح کے سیمینار منعقد کرائیں تاکہ نوجوانوں کو کشمیر کی حقیقی صورتحال سے روشناس کرایا جا سکے اور بھارت کے منفی پروپیگنڈے کا موثر جواب دیا جا سکے۔





