معروف آزاد ی پسند کشمیری کارکن شہید امتیاز عالم کوانکی برسی پر شاندار خراج عقیدت
راولپنڈی:
معروف آزاد ی پسند کشمیری کارکن شہید امتیاز عالم کوانکی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے راولپنڈی میں ایک سیمینار منعقد کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ماہنامہ کشمیر الیوم اور کشمیر اوئیرنس فورم کے زیر اہتمام سیمینار کی صدارت کشمیر الیوم کے چیف ایڈیٹر شیخ محمد امین نے کی جبکہ شہید امتیاز عالم کے برادر اصغر فاروق احمد پیر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔سیمینار میں صحافیوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سمینارکے مقررین نے شہید امتیاز عالم کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی زندگی کے تمام پہلوئوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہاکہ شہید امتیاز عالم ایک بے مثال کردار کے مالک تھے اورانہوں نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر کیلئے وقف کررکھی تھی ۔ انہوں نے اسی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ بھی پیش کیا ۔انہوں نے کہاکہ شہید امتیاز عالم کی زندگی آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ مقررین نے کہا کہ جموں وکشمیرکی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے امتیاز عالم کے والد اور ایک بھائی نے بھی اپنی جان کانذرانہ پیش کیا ۔انہوں نے 05فروری کو پاکستان کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے شہید امتیاز عالم کے قاتلوں کو سنائی جانے والی سزا کے فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا ۔ امتیاز عالم کو 20فروری 2023کو اسلام آباد میں نماز مغرب کے بعد مسجد سے باہرنکلتے ہوئے گولی مار کر شہید کردیاگیاتھا۔سمینار کے اختتام پر شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی۔