سینٹر فار ڈیولپمنٹ اینڈ سٹیبلٹی کے زیر اہتمام راولاکوٹ آزاد کشمیر میں سیمینار کا انعقاد
راولاکوٹ آزاد کشمیر: سینٹر فار ڈویلپمنٹ اینڈ سٹیبیلیٹی کے زیر اہتمام راولاکوٹ آزاد کشمیر میں ایک سیمینار کا انعقادکیاگیا جس میں میں 19جولائی 1947کو قراردادالحاق پاکستان کی اہمیت کو اجاگرکیاگیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار سے سینٹر فار ڈویلپمنٹ اینڈ سٹیبیلیٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عرفان اشرف، سردار قمر رشید، اشتیاق جبالی، سردار اعجاز ، سردار اعظم گل، راجہ سلیم ، سردار اکرام منصف ، سردار زاہد ایڈوکیٹ قبلائی ، منیر احمد قادری ، سردار ریاض جبوتی ، ایڈوکیٹ شوکت، سردار ظہور اور دیگر نے خطاب کیا ۔ مقررین نے 19جولائی 1947کی قرارداد کو ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ میں سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ غازی ملت سردار ابراہیم اور ان کے ساتھیوں نے 19جولائی 1947کو ریاست جموں کشمیر کے تابناک مستقبل کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر مذہبی ، جغرافیائی اور سیاسی اعتبار سے پاکستان کا حصہ ہے ، 77فیصد مسلم اکثریتی ریاست کے لئے پاکستان ہی محفوظ مستقبل ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست جموں کشمیر پر مہاراجہ گلاب سنگھ اور ہری سنگھ کا دور ظلم و جبر کی داستان ہے۔ مقررین نے کہاکہ 1832سے 1837تک پونچھ کے غیور قبائل نے ڈوگرہ حکمرانوںکے ظلم و جبر کے خلاف علم بغاوت بلند کیا ۔ سردار سبز علی خان ، ملی خان اور شمس خان کی جدوجہد اوران کی قربانیاں ریاست جموں وکشمیرکی تاریخ کا سنہری باب ہیں۔انہوں نے کہاکہ 1846میں انگریز نے ریاست جموں کشمیر کو 75لاکھ نانک شاہی میں گلاب سنگھ کو فروخت کی۔ 1924میں کشمیری قوم نے ایک بار پھر مہاراجہ کی طرف سے بے جا ٹیکسوں، قبائل پر حدود و قیود اور دیگر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کی جسکی پاداش میں اس وقت کی قیادت کی جائیدادیں ضبط کی گئیں ، کچھ قائدین کو ریاست بدر کیا گیا اور اس تحریک کا حصہ بننے والے کارکنان کو نوکریوں سے نکالا گیا ۔ پھر تقسیم برصغیر کے وقت انگریز حکومت کی ملی بھگت سے مہاراجہ ہری سنگھ نے کشمیری قوم کی مرضی کے خلاف بھارت سے الحاق کی کوشش کی جسے اس وقت غازی ملت سردار ابراہیم اور ان کے ساتھیوں نے ناکام بنایا ۔مقررین نے کہاکہ ہری سنگھ کے عزائم کو ناکام بنانے کے لئے غازی ملت سرادرا ابراہیم اور ان کے ساتھیوں نے دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوے 19جولائی 1947کو قرارداد الحاق پاکستان منظور کی ۔ مہاراجہ نے عوامی خواہشات کے برعکس بھارت سے الحاق کا خط لکھا جسے کشمیری قوم نے مسترد کر دیا ۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا محور و مرکز ریاست کا پاکستان کیساتھ مکمل الحاق ہے جس کے لئے کشمیری قوم کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔






